نوازشریف کے مختلف ٹیسٹ،سابق وزیراعظم کے دل کا سائز معمول سے بڑا اور پٹھے موٹے ہوگئے:معالجین

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے دل کا سائز معمول سے بڑا جب کہ دل کے پٹھے موٹے ہو گئے۔ منگل کو سابق وزیر اعظم کو کو سخت سیکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی ) لایا گیا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔سابق وزیراعظم کی پی آئی سی آمد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور عام مریضوں کا داخلہ بند کردیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کے خون کے نمونے لیے گئے اور ان کا ایکو ٹیسٹ کیا گیا۔سابق وزیرعظم کے معالجین کے مطابق نوازشریف کے دل کے 3 ٹیسٹ لیے گئے جس میں ان کی ای سی جی، ایکو اور تھیلیم ٹیسٹ کیے گئے، ایکو کی رپورٹ میں نواز شریف کے دل کا سائز معمول سے بڑا پایا گیا جب کہ دل کے پٹھے موٹے ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف کا چند روز قبل جیل میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے طبی معائنہ کیا تھا جس میں امراض قلب کےماہرین بھی شامل تھے۔نوازشریف کے مختلف میڈیکل ٹیسٹ کے لیے جناح اسپتال میں نمونے بھجوائے گئے تھے جس کے بعد دل کے ٹیسٹ کے لیے سابق وزیراعظم کو پی آئی سی منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن