میلبورن (آئی این پی)امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے ویمنز سنگلز کے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ انکی بڑی بہن وینس ولیمز سابق عالمی چیمپئن میگا ایونٹ کے ابتدائی رائونڈ میں ہار کر باہر ہوگئیں۔آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کے پہلے رائونڈ میں امریکہ کی سرینا ولیمز نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روسی حریف کھلاڑی اناستاسیا پوٹا پووا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-0 اور 6-3 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ایک اور میچ میں امریکا کی کوکو گف نے ہم وطن سابق عالمی چیمپئن وینس ولیمز کو ٹائی بریک پر 7-6(7-5) اور 6-3 سے شکست دیکر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا۔ دریں اثناء روسی ٹینس سٹار ماریا شیراپووا آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے ابتدائی رائونڈ میں ہی شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ منگل کو آسٹریلیا کے روڈ لیور ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں کروشین ٹینس سٹار ڈونا ویکک نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔