ایوان بالا میں ارکان کی عددی تعداد 104 ہی برقرار رکھی جائے، صادق سنجرانی

Jan 22, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آئین کی 25 ویں ترمیم کے تحت فاٹا کے ارکان کی سینٹ میں 2021 اور 2024 سے ممبر شپ ختم ہونے کے بعد ایوان بالاء میں ارکان کی عددی تعداد 104 ہی برقرار رکھی جائے اور چاروں صوبوں کی موجودہ ارکان کی تعداد 23 سے بڑھا کر 25 کر دی جائے۔ قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی کو لکھے گئے ایک خط میں چیئرمین سینٹ واضح کیا کہ مذکورہ ترمیم کے تحت ایوان بالاء کے مارچ 2021 کو ہونیو الے انتخابات تک فاٹا کے موجودہ 8 ارکان میں سے 4 کی ممبر شپ کی مدت پوری ہو جائے گی جبکہ فاٹا کے دیگر 4 ارکان اپنی ممبر شپ کی مدت 2024 میں مکمل کر لیں گے اس طرح مارچ2021 کے ایوان بالاء ￿ کے انتخابات 100 اور مارچ2024 کے انتخابات میں 96 ارکان کو منتخب کرنے کیلئے منعقد ہونگے۔اس تناظر میں چیئرمین سینٹ نے اپنے خط میں یہ تجویز دی ہے کہ مارچ2021 کے انتخابات میں چاروں صوبوں کے موجودہ ارکان کی تعداد 23 سے بڑھا کر24 جبکہ 2024 کے انتخابات میں یہ تعداد بڑھا کر 25 کر دی جائے۔ اس طرح ایوان بالاء کی موجودہ عددی تعداد 104 برقرار رہے گی۔

مزیدخبریں