اعلیٰ اور ماتحت عدالتوں میں ججز کی 1011آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف

Jan 22, 2020

اسلام آباد(چوہدری اعظم گِل) ملک بھر کی اعلیٰ اور ماتحت عدالتوں میں 1011ججز کی اسامیاں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے پاکستان بھر میں4085 ججز کی جگہ 3063 ججز کام کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ میں ایک لاہور ہائیکورٹ میں 15 سندھ ہائیکورٹ میں2 پشاور ہائیکورٹ میں 2 بلوچستان ہائیکورٹ میں 5 ججز کی آسامیاں خالی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں60 ججز کی جگہ 45 ججز کام کر رہے ہیں سندھ ہائیکورٹ میں 40 کی جگہ 38 پشاور ہائیکورٹ میں 20 کی جگہ 18 جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ میں 15 کی جگہ 10 ججز منصفی کی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ماتحت عدالتوں میں سب سے زیادہ ججز کی کمی پنجاب کی ضلعی عدالتوں میں ہے جہاں 2364 کی جگہ1582 ججز کام کر رہے ہیں جبکہ 782 ججز کی کمی ہے۔ سندھ کی ماتحت عدلیہ میں 619 کی جگہ 583 ججز فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں جبکہ 36 ججز کی کمی کا سامنا ہے۔ خیبرپختونخواہ کی ضلعی عدالتوں میں 555 کی جگہ 471 ججز تعینات ہیں جبکہ 84 اسامیاں ججز کی منتظر ہیں۔ بلوچستان کی ضلعی عدالتوں میں 285 منصفوں کی جگہ 223 ججز ذمہ داری نبھا رہے ہیں جبکہ 62ججز کی کمی ہے وفاقی دارالحکومت کی 103 ضلعی عدالتوں میں80 ججز تعینات ہیں جبکہ سب سے زیادہ ججز کی کمی پنجاب میں ہے۔

مزیدخبریں