لاہور (نیوز رپورٹر) گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ بھارت میں متنازعہ شہر یت قانون کیخلاف احتجاج انقلاب میں بد ل رہا ہے۔ گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی بھی مسلمانوں کے ساتھ ملکر مودی کے کالے قانون کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ نر یندر مودی سرکار انتہا پسند اور نسل پرست انڈیا کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ کشمیر میں 170دن سے جاری کرفیو کے ذریعے مسلمانوں کا محاصرہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں غیر اخلاقی، غیر آئینی اور غیر انسانی فعل ہیں۔ دنیا کو اس پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ بھارت کے مظالم کو روکا جائے۔ وہ گورنر ہاؤس میں بین المذاہب ہم آہنگی کے 13رکنی وفد، صوبائی وزارت ترقی وخواتین پنجاب کی وائس چیئر پرسن فرزانہ رؤف سمیت دیگر سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ گورنر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ نریندرمودی اور اسکی حکومت کی ظالمانہ پالیسوں کی وجہ سے بھارت اقلیتوں کیلئے مکمل طور پر غیر محفوظ ملک بن چکا ہے ۔ ہر گزرتے دن کیساتھ بھارت میں مودی کے خلاف احتجاج میں تیزی آرہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کے ظالمانہ اقدام اور جنگی جنون کی وجہ سے پا کستان میں باہمی اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اگلی نسلوں کو ایک پر امن، معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال پاکستان دینا چاہتے ہیں۔
متنازعہ قانون پر بھارتیوں کا احتجاج انقلاب میں بدل رہا ہے: گورنر سرور
Jan 22, 2020