انقرہ (صباح نیوز)ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے ابھی تک صرف فوجی مشیر اور تربیتی عملہ لیبیا بھیجا ہے اور اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ وزیراعظم فایزالسراج کے زیر قیادت قومی اتحاد کی حکومت کی حمایت میں اپنے فوجیوں کو اس ملک میں روانہ نہیں کیا ہے۔ طیب اردوان برلن میں لیبیا میں قیام امن کے لیے ایک روزہ کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس آتے ہوئے اپنے ہمراہ طیارے میں سوار صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ برلن کانفرنس میں ترکی کی کوششوں کے نتیجے میں لیبیا کے متحارب فریقوں کے درمیان جنگ بندی کے لیے کام کی بنیاد پڑی ہے۔نشریاتی ادارے این ٹی وی کے مطابق لیبیا میں ترکی کی موجودگی سے امن کے لیے توقعات میں اضافہ ہوا ہے۔