پاکستان نے ایک بارپھرعالمی برادری پرزوردیاہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپناکردار ادا کرے۔یہ بات سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے جنوبی اور وسط ایشیائی امور کے بار ے میں امریکہ کی قائم مقام نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔سیکرٹری خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں، بھارتی سول اورفوجی افسروں کے اشتعال انگیز بیانات اور کنٹرول لائن پر بھارت کے جارحانہ اقدامات کواجاگرکیا۔پاکستان نے امن عمل کی حمایت جاری رکھنے اور پاکستان اورافغانستان کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔انہوں نے زوردے کرکہاکہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے کی جانیوالی کوششوں کی حمایت کے لئے پُرعزم ہے۔ملاقات کے دوران سیاسی روابط اوراقتصادی شراکت داری سمیت متعدد دوطرفہ امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں اس بات پرزوردیاگیا کہ تجارت اورسرمایہ کاری پرمبنی مضبوط تعلقات پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدت،وسیع البنیاد اور دیرپاشراکت داری کے لئے دونوں ملکوں کی قیادت کے مشترکہ تصور پرعملدرآمدکے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔