لاہور(نیوز رپورٹر ) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر 6 ماہ کے دوران ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا مجموعی حجم 350 ارب روپے ہے، جس میں42 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں۔ 17 جنوری2020ء تک سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 183 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیںاورصوبائی محکمے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں پر 106 ارب روپے استعمال کر چکے ہیںاورمحکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے گزشتہ 45 روز میں 85 سکیموں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیزکرنے اور 31 جنوری تک سکیموں کو منظور کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی محکمے سکیموں کی منظوری کیلئے ضروری امور جلد سے جلد نمٹائیں۔ محکموں کی سطح پر سکیموں کی منظوری میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اربوں روپے کے منصوبوں کو شروع کیا جا رہا ہے اوران منصوبوں کے آغاز سے صوبے کے عوام کیلئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا اور معاشی ترقی کا عمل تیز ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری ہونے والے فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنایا جائے اور فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام ضروری ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مقررکردہ اہداف کو ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔ اہداف پورا نہ کرنے والے محکموں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ مجھے کاغذی کارروائی نہیں، عملی اقدامات چاہئیں۔ ترقیاتی فنڈز کا بروقت استعمال نہ کرنے والے محکموں کی جواب طلبی ہوگی۔ ہم عوام کے نمائندے ہیں اور عوام کو جوابدہ ہیں۔ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے رہنے سے کام نہیں چلے گا۔ افسر فیلڈ میں نکلیں اور ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کو خود مانیٹر کریں۔کاغذوں میں کچھ اور، آن گرائونڈ کچھ اور، اب یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔ میں ہر ماہ سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا۔ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر پورا فوکس ہونا چاہئے۔ بعض محکموں کی جانب سے سست روی کا مظاہرہ قابل قبول نہیں۔ عثمان بزدار سے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹرلیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد اصغر نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے محکموں کی استعدادکار میں اضافہ کر رہے ہیں۔ محکموں کی کارکردگی بڑھنے سے عوام کیلئے سروس ڈلیوری بہتر ہوگی۔ جن ممالک نے جدید ٹیکنالوجی کو اپنایا، وہ آج ترقی کے افق پر چمک رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) راحت لطیف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب بھر میں سرکاری نرخوں پر آٹے کے تھیلوں کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری، عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے شہروں اور تحصیلوں میںسرکاری نرخوں پرآٹے کے تھیلوں کی فراہمی کیلئے 484سیل پوائنٹس قائم کردیئے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں اور تحصیلوں میں 207مقامات پر ٹرکوں کے ذریعے بھی سرکاری نرخ پر آٹے کے تھیلوں کی فروخت جاری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں گندم یا آٹے کی کوئی قلت نہیں۔ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے سیل پوائنٹس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ محکمہ خوراک اور انتظامیہ کی کاوشوں سے صورتحال معمول پر ہے۔کسی کو آٹے کی قیمت میں بلاجواز اضافہ نہیں کرنے دیںگے۔سردار عثمان بزدار نے خانیوال کے علاقے میں تھانیدار کی جانب سے خاتون کے گھر چھاپے اور ہراساں کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
عوام کو جوابدہ، ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے رہنے سے کام نہیں چلے گا: عثمان بزدار
Jan 22, 2020