پہلے سے زیادہ پاکستان کے قریب ہیں: ٹرمپ

ڈیووس (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی، آن لائن) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ڈیووس میں ملاقات ہوئی۔ دونوں ملکوں کے وفود بھی ملاقات میں شامل تھے۔ اس موقع پر مختصر گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کے ساتھ دوبارہ ملاقات کرکے خوشی ہوئی ہے۔ وزیراعظم کی امریکی صدر کے ساتھ مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ افغانستان کے معاملے پر امریکہ اور پاکستان ایک پیج پر ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے کشمیر کی صورتحال پر بات کی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ کے حل میں کردار ادا کرسکتے۔ عمران خان میرے دوست ہیں دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی ہے انہوں نے پھر پیشکش کی ہے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کردار ادا کرسکتا ہوں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم پاکستان کے پہلے اتنے قریب نہیں تھے جتنے اب ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں پرامن طریقے سے اقتدار کی منتقلی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ افغانستان میں قیام امن اور طالبان حکومت کے معاملات کا مذاکرات سے حل چاہتے ہیں۔ پاکستان میں ایک بڑا مسئلہ بھارت کے ساتھ معاملات ہیں۔ امید ہے امریکہ اس معاملے کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ بھارت کیساتھ معاملات کوئی دوسرا ملک حل نہیں کر سکتا۔ افغانستان معاملے کا تعلق امریکہ اور پاکستان سے ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم کچھ سرحدوں پر بھی ملکر کام کر رہے ہیں۔ کشمیر پر ہماری گفتگو ہوئی ہے کشمیر معاملے پر ہم یقیناً مدد کریں گے ہم اس صورتحال کو دیکھ رہے ہیں اس معاملے کا نہایت قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری ، عبدالرزاق دائود اور سیکرٹری خارجہ معاشی ٹیم کے اہم ارکان اور دیگر سرکاری حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کرانے کے لیے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران اپنی تقریر میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے حکومتوں کی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں کو ماحولیاتی 'عذاب کے پیغمبر' قرار دیا۔ٹرمپ نے کہا ایک ٹریلین درخت لگائوں گا ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ناقدین کے لیے ان الفاظ کا استعمال سویڈن کی نوجوان ماحولیاتی مہم جو گریتا تھونبرگ کی موسمیاتی تبدیلی کے بحران پر حکومت کی عدم توجہی کے حوالے سے تنقید کے بعد کیا۔ امریکی سینٹ میں مواخذے کی کارروائی شروع ہونے والے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیووس میں سخت تقریر کی جہاں گریتا تھونبرگ بھی ہال میں موجود سامعین میں شامل تھیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں رنگ بدلتے عذاب کے پیغمبروں اور ان کی الہامی پیش گوئیوں کو مسترد کرنا چاہیے۔ عالمی اقتصادی فورم کا 50 واں سالانہ اجلاس اسکی ریزورٹ میں ہوا جہاں موسمیاتی تبدیلی پر توجہ مرکوز کی گئی لیکن اس حوالے سے عالمی سطح پر مختلف آراء پائی گئیں۔ امریکی صدر نے اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘ڈیوس کا دورہ اجلاس کے حوالے سے تھا جہاں دنیا کے اہم ترین شخصیات اور ہم شان دار کام کے بعد واپس جارہے ہیں۔ مواخذے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘یہ شرم ناک ہے اور صرف دھوکا ہے۔ قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں امریکی معیشت کی کامیابیوں کی ایک لمبی فہرست دہرائی اور کہا کہ امریکہ قدرتی گیس اور تیل پیدا کرنے والا پہلا ملک ہے۔ یاد رہے کہ گریتا نے گزشتہ برس منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ایک جذباتی تقریر کی تھی جس کے بعد انہیں عالمی سطح پر پذیرائی ملی تھی۔ گریتا کو اس تقریر کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر سکیورٹی اہلکاروں نے ہال سے باہر نکال دیا تھا جس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔وزیراعظم عمران خان سے ترک کمپنی کلیک ہولڈنگ کے چیئرمین رحمن کالک نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی، کلیک ہولڈنگ کمپنی توانائی، تعمیرات اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں کام کر رہی ہے۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، زلفی بخاری اور معید یوسف بھی موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان نے سنگا پور کے ہم منصب سے ملاقات کی جس میں د و طرفہ اور معاشی تعلقات مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں آذربائیجان کے صدر کے ساتھ بھی وزیراعظم عمران خان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...