آٹا بحران کے ساتھ ہی سبزیوں،دالوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنےلگیں

ایک طرف آٹے کا بحران تو ایسے میں سبزیوں، دالوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، مہنگائی کے وار سے متوسط طبقہ بھی متاثر ہونے لگا۔مہنگائی کی لہر نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، تنخواہیں وہیں لیکن مسائل میں کئی گنا اضافہ ہو گیا، آٹا نایاب ہونے کے ساتھ ساتھ سبزیوں، دالوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتیں بھی عام آدمی کی قوت خرید سے تجاوز کر گئیں۔چند روز میں دال چنا 108، دال مونگ 172، دال ماش 180، دال مسور135، سفید اور کالے چنے 103 سے 108 روپے فی کلو تک پہنچ گئے، شہری دال کی قیمتیں بڑھ جانے پر سیخ پا ہیں۔

دالیں تو دالیں سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، شملہ مرچ 180، مٹر 120، کریلے 200، مونگرے 140روپے کلو تک پہنچ گئے، ادرک اور لہسن ٹرپل سنچری مکمل کر چکے۔ شہری کہتے ہیں مہنگائی کے باعث دو وقت کی ہانڈی روٹی بھی مشکل ہو گئی۔

دالوں اور سبزیوں کے بعد مرغی کی قیمت میں اچانک ہونے والے اضافے سے دکاندار بھی پریشان، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے دعووں کے بجائے عملی اقدامات ہونے چائیے۔ 

ای پیپر دی نیشن