وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ،دوران گفتگو باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال ہوا،دونوں وزرائے خارجہ نے پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا.ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب کو خطے میں پائی جانے والی کشیدگی، امن وامان کی مخدوش صورتحال اور اس حوالے سے پاکستان کی طرف سے ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا.اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہاکہ تمام فریقین کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے، صورتحال کو معمول پر لانے کی سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے.وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب کو خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا.شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئےمطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے.وزیر خارجہ نے "افغان امن عمل " کے سلسلے میں پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مصالحانہ کوششوں سے بھی برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا.وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب کو اپنی اولین فرست میں دورہ پاکستان کی دعوت دی.برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا .برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے.دونوں وزرائے خارجہ نے پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا.