گوجرانوالہ بد چلنی کے شبہ میں بیوی، 4 بچے تیز دھار آلہ سے قتل

Jan 22, 2021

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) تھانہ کینٹ کے علاقہ ڈوگرانوالہ میں ماں چار بچوں سمیت قتل، جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں5 سے12 سال تک ہیں اور تمام افراد کو تیز دھار آلہ سے قتل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں تین لڑکیاں اور ایک بچہ شامل ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس نے چند گھنٹوں کے دوران ہی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ بیوی اور بچوں کا قاتل ان کاحقیقی باپ نکلا۔ ایس پی سول لائن نے تصدیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ کینٹ کے علاقہ ڈوگرانوالہ میں پیش آیا جہاں گھر میں گھس کر ماں اور اس کے چار بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور نعشوں کو ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں فوزیہ بی بی، ثانیہ، تانیہ تابش اور عبدالہادی شامل ہیں اور جان بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5سے 12سال کے درمیان ہیں۔ جن میں تین لڑکیاں اور ایک بچہ شامل ہے۔ تمام نعشیںگھر کے ایک کمرے سے ملیں جن کو آلہ کے وار سے قتل کیا گیا ہے۔ مقتولہ فوزیہ بی بی نے عمران سے 15سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور وہ ڈوگرانوالہ میں 8سال سے مقیم تھے۔ پولیس نے شک کی بناء پر بچوں کے والد کو حراست میں لیا جس نے چند ہی گھنٹوں میں اعتراف جرم کر لیا ہے۔ ایس پی سول لائن اویس شفیق نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم عمران کو شک کی بناء پر گرفتار کیا اور تفتیش شروع کی۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو بد چلنی کے شبہ پر قتل کیا۔ اویس شفیق نے بتایا کہ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں