لاہور+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے۔ کیا عوام اس قابل ہیں کہ نااہلی کے عذاب کا ہر ہفتے مقابلہ کر سکیں؟۔ عوام کا خون چوسنا حکمرانوں سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ عمران کا اقتدار میں ایک ایک لمحہ عوام پر بھاری ہے۔ ووٹ سے نہ آنے والی حکومت کو عوام کا احساس نہیں ہوتا۔ سات سال سے کارروائی خفیہ رکھنے کی درخواستیں دی گئیں۔ دستاویزات پیش نہیں کی جا رہیں۔ تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ آپ 7 سال سے وکیل تبدیل کر رہے ہیں۔ اوپن سماعت کی یاد آپ کو اب آئی ہے؟۔ تھوڑا صبر کرو ابھی تو بہت کچھ اوپن ہونے کو ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم عمران خان کا فارن فنڈنگ کیس کی براہ راست کوریج کا چیلنج قبول کر لیا۔ رہنما مسلم لیگ (ن) سعد رفیق نے کہا کہ 6 سال تک سٹے آرڈر کے پیچھے چھپنے والے کو لائیو کوریج یاد آ گئی ہے۔ عمران خان اپنا یہ شوق بھی پورا کر لیں۔ برسوں سے وکیلوں کے ذریعے حیلے بہانے کرنے والے عمران خان (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی پر فارن فنڈنگ کے جوابی پرچے کرا رہے ہیں۔ ضمنی الیکشن شروع ہوا اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو نیب کا بلاوا آ گیا۔ انہوں نے کہا حکومت نے مکالمے کا وقت ضائع کر دیا ہے۔ دوسر جانب پیپلز پارٹی نے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے شاہ خرچیوں کا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے۔ آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈھائی سال میں بجلی کی قیمت میں جو اضافہ ہوا وہ 70 سال میں نہیں ہوا۔ نااہل خان صبح شام اپنی نااہلی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ حکمرانوں نے پھر ثابت کیا کہ عوام دشمنی میں ان کا کوئی ثانی نہیں۔
فارن فنڈنگ کیس: اوپن کارروائی پر تیار، مسلم لیگ ن
Jan 22, 2021