کراچی (کامرس رپورٹر ) سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںجمعرات کوکاروبار حصص میں تیزی کا رجحان غالب رہا جس کے نتیجے میںکے ایس ای 100انڈیکس307.52پوائنٹس کے اضافے سے45984.46پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا اور 54.30 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈکیا گیا جس سے مارکیٹ سرمائے میں 57 ارب 8 کروڑ روپے سے زائدکا اضافہ ہو گیا جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 27.22 فیصدزائد رہا۔پاکستان اسٹا ک ایکس چینج میں جمعرات کوٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا ، منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی کے باعث تیزی رہی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 46 ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 46142 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دباوٗ بڑھنے کے سبب46ہزار کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہااورکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 307.52پوائنٹس کے اضافے سے45984.46 پوائنٹس پر بند ہوا۔جمعرات کو418کمپنیوں کا کاروربار ہوا جس میں سے227کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 173میں کمی اور 18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔مارکیٹ میں 60کروڑ 63 لاکھ 80 ہزار 17 شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روز بدھ کو 47 کروڑ 66 لاکھ 18 ہزار 888 حصص کے سودے ہوئے تھے۔کاروبار میںتیزی کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 57 ارب 8 کروڑ 2 لاکھ 64 ہزار 668 روپے بڑھ کر83 کھرب 34 ارب 32 کروڑ 64لاکھ20 ہزار 571 روپے ہوگیا ۔