کراچی(کامرس رپورٹر)سوئٹزرلینڈ کے سفیر بینڈکٹ ڈی سیرجٹ نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے مابین تجارتی توازن زیادہ تر سوئٹزرلینڈ کے حق میں ہے لیکن تجارت یکطرفہ نہیں ہوسکتی کیونکہ تجارت تب ہی ٹھیک چلے گی جب ہرکوئی منافع کمارہا ہولہٰذا پاکستان کو سوئٹزرلینڈ کو اپنی برآمدات کو بہتر بنانے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے اگرچہ سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کرنا میرا کام نہیںکیونکہ اس حوالے سے خالصتاً پاکستانی سفیر کا کردار اہم ہے لیکن میں پھر بھی اس سلسلے میں مدد اور تعاون کرنے کے لئے تیار ہوں۔یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے دورے کے موقع پر اجلاس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کے سی سی آئی ایم شارق وہرا، سینئر نائب صدر ایم ثاقب گڈلک، نائب صدر شمس الاسلام خان، چیئرمین ڈپلومیٹک مشنز وایمبیسیز لائژن سب کمیٹی جنید منڈیا، سابق صدر مجید عزیز اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔