کراچی(اسپورٹس رپورٹر )چھبیس دسمبر کا دن پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا ایک اور اہم دن ہوگا کیونکہ اس روز پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 13 سال سے زائد عرصہ بعد پاکستان کی سرزمین پر کسی ٹیسٹ میچ میں مدمقابل آئیں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔یہ آٹھواں موقع ہوگا کہ جب دونوں ممالک کی ٹیمیں پاکستان میں کسی ٹیسٹ میچ میں مدمقابل آئیں گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین پاکستان میں کھیلی گئی آخری سیریز 2007 میں منعقد ہوئی تھی، جو مہمان سائیڈ نے 0-1 سے جیتی تھی۔ پوری قوم کی طرح سابق کرکٹرز بھی ایک طویل عرصہ بعد جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمدپر مسرور ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف 14 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے سابق کرکٹراور قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ بیٹنگ کوچ یونس خان کاکہنا ہے کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے بعد اب جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آنا ایک شاندار لمحہ ہے۔جنوبی افریقہ کے آخری دورے سے متعلق حسین یادیں اب بھی ان کے ذہن میں نقش ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے آخری میچ میں انہوں نے جس انداز میں سنچری اسکور کی تھی، آج انہیں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ویسی ہی بہترین کارکردگی کی امید ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اور نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کیبیٹنگ کوچ محمد یوسف کاکہنا ہیکہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد ایک سنگ میل ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔محمد یوسف نے کہا کہ آج بھی ان کے پاس پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے متعلق اپنی بہت سی یادیں محفوظ ہیں اور انہیں یقین ہیکہ یہ سیریز نئی نسل کے لیے یادگار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے دونوں ٹیموں کے درمیان بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز سے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا ایک نیا باب کھل رہا ہے۔سابق ٹیسٹ اسپنر عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ تیرہ سال سے زائد عرصہ بعد جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے انہیں 2007 میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اپنے ڈیبیو میچ کی یاد آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ جیسی ٹیسٹ کرکٹ کی ایک بہترین ٹیم کے خلاف ڈیبیو میچ میں ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ان کیلیے ایک خواب کی تعبیر مانند تھا۔سابق کرکٹر فیصل اقبال کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کی وباء کے دوران جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد تمام کھلاڑیوں اور مداحوں کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے۔ سابق کرکٹر اور قومی جونیئر کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر توفیق عمر کا کہنا کہ وہ ایک طویل عرصہ بعد جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے مشکور ہیں۔