لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے بائولنگ کوچ اور سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آنا شاندار لمحہ ہے۔اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی کی امید ہے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی ہوم گراؤنڈ ہے، یہاں کی کنڈیشنز پاکستان کیلئے سازگار ہوں گی، دونوں ٹیموں کے مابین اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ خوشی ہے کہ آئندہ نسل اب قومی کرکٹرز کو اپنے ہوم گراؤنڈز پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلتا دیکھ سکے گی جو انہیں طویل فارمیٹ کی اہمیت سے روشناس کریگی۔سابق کپتان اور نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہاکہ جنوبی افریقہ ٹیم کی پاکستان آمدسنگ میل ہے۔ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے۔ سیریز نئی نسل کیلئے یادگار رہے گی۔ بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ بلاشبہ دونوں ٹیمیں مکمل تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گی، پاکستان کو ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے کا ایڈوانٹیج ہوگا۔سابق فاسٹ بائولر عمر گل کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنے پر جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے مشکور ہیں۔ سیریز سے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا نیا باب کھل رہا ہے۔ بابراعظم کی قیادت میں میدان میں اترنیوالی قومی ٹیم سیریز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کریگی۔سابق کرکٹرعبدالرحمٰن نے کہا کہ سکواڈ میں شامل سپنرز نعمان علی، ساجد خان ور محمد نواز فرسٹ کلاس کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہیں اندازہ ہے کہ کنڈیشنز سے کیسے مستفید ہونا ہے۔ یاسر شاہ کی قیادت میں پاکستان کا سپن اٹیک مہمان ٹیم کیلئے مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔سابق کرکٹرفیصل اقبال نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے سے نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو اپنے گراؤنڈز میں کھیلتا دیکھنے سے آئندہ نسل کی کرکٹ سے محبت میں بھی اضافہ ہوگا۔سابق کرکٹرتوفیق عمر نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے مشکور ہیں۔ سیریز پاکستان میں کرکٹ کے اہم ترین فارمیٹ کے مستقل انعقاد کا سبب بنے گی۔ وہ پرامید ہیں کہ دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، ٹیسٹ کرکٹ سیشنز کا کھیل ہے، یہاں ہر سیشنز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔