وزیر اعلیٰ کا ساہیوال ڈویژن  کیلئے بڑا ترقیاتی پیکیج

Jan 22, 2021

اداریہ

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گزشتہ روز ساہیوال ڈویژن کے شہروں ہڑپہ اور چیچہ وطنی کا دورہ کیا اور ساہیوال ڈویژن کیلئے مجموعی 18 ارب روپے کی لاگت کے ایک جامع ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خاں کے جلد ساہیوال کے دورے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اڑھائی برس میں ہماری حکومت کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ ہم نے ہمیشہ ایمانداری اور دیانت داری سے کام کیا ہے اور محروم و پسماندہ علاقوں میں پہلی بار ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ ہمیں اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔ 
کسی حکومت کی کامیابی اور مقبولیت کا دار و مدار اس کی گورننس پر ہی ہوتا ہے کیونکہ اچھی گورننس کے ذریعے ہی حکومتی انتظامی مشینری کو عوام کو روزمرہ کے مسائل کے حل اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ آج عوام کے روٹی روزگار کے مسائل ہی حکومت کیلئے لمحۂ فکریہ بن چکے ہیں جبکہ بلدیاتی ادارے تحلیل ہونے کے باعث عوام کے شہری مسائل بھی پہاڑ بن چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب بلاشبہ عوام کے روزمرہ کے مسائل حل کرنے کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہیں جس کیلئے انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کا اجراء و تکمیل اپنی ترجیح اول بنائی ہے اور اس میں وہ سرخرو بھی ہو رہے ہیں۔ ساہیوال ڈویژن کے لئے خطیر رقم پر مبنی ترقیاتی پیکیج بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ عوام کو فوری ریلیف دے کر ہی اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کو غیر موثر بنایا جا سکتا ہے اور سردار عثمان بزدار اپنی توجہ عوام کیلئے فوری ریلیف پر ہی مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ 

مزیدخبریں