وزیرہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ کرپشن میں گلے تک لتھڑی بھٹو اور شریف فیملی کی اپنے بڑوں کو احتساب سے بچانے اور دنیا بھر میں پھیلے اپنے اثاثوں کو محفوظ رکھنے کے لئے حکومت پردباؤ ڈالنے کی کوشش بری طرح ناکامی سے دوچا ر ہو گئی ہے- اپنے ایک بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ اپنی کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے بنائی جانے والی پی ڈی ایم کی ہنڈیا بیچ چوارہے پھوٹ چکی ہے۔ملک کے کھربوں روپے لوٹنے والوں کو اپنے کئے کا حساب دینا ہوگااور بدعنوانوں کو سزا مل کررہے گی۔ دونوں بڑی سیاسی پارٹیوں نے مل کر دہائیوں تک ملک پر حکومت کی ہے لیکن دونوں نے لوٹ مار کے نت نئے طریقے ایجاد کرکے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ عمران خان قوم کے ووٹوں سے وزیراعظم بنے ہیں۔ کسی کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی لیکن اپوزیشن کی وزیراعظم عمران خان کے استعفی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی- اپوزیشن کی تمام تر اچھل کود بد عنوانی کے مقدمات سے جان بچانے کیلئے ہے لیکن وزیر اعظم کرپشن کیسز کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے۔