وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم والوں کے لطیفے بھی پھیکے پڑچکے ہیں -ان کے استعفوں کی خالی پٹاری انہی کا منہ چڑھا رہی ہے-لانگ مارچ کا شوشہ بھی ان کے گلے کا طوق بن چکا ہے -یہ قابل رحم ٹولہ گھر کا رہا ہے نہ گھاٹ کا -راجکماری، شہزادہ اورمولانا فلاپ شو کر کے خود کو فریب دے رہے ہیں -پی ڈی ایم کی اجڑی ہوئی بستی اپنی داستان خود بیان کر رہی ہے -ملک کے بدنام زمانہ راہزن اقتدار کی ہوس میں اندھے ہو چکے ہیں -انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی ترجمانی نڈر اور جرأتمند لیڈر عمران خان کر رہا ہے اورپنجاب میں دیانتدار اور عوامی وزیر اعلی عثمان بزدار موجود ہے -وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار کے سامنے یہ ٹولہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا-انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں چوروں اور لٹیروں کی کوئی جگہ نہیں - پاکستان میں صرف دیانتداری اورایمانداری کی سیاست ہی ہوگی-انہوں نے کہا کہ اس ٹولے نے کورونا کے باوجود اجتماع کر کے مرض میں اضافہ کیا- 24 گھنٹے میں کورونا کے 714نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں اورپنجاب میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 151,603 ہو گئی ہے جبکہ24 گھنٹے میں کورونا کے25 مریض جاں بحق ہوئے-24 گھنٹے کے دوران 16,635کورونا ٹیسٹ کئے گئے اورمجموعی طور پر پنجاب میں 2,757,509 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں -
پی ڈی ایم والوں کے استعفوں کی خالی پٹاری انہی کا منہ چڑھا رہی ہے:ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان
Jan 22, 2021 | 18:32