مری میں برفباری کی پیشنگوئی ، سیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری 


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ایس ایس پی آ پریشن اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی وسیم ریاض نے محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی طرف سے جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک مری میں شدیدبرف باری کی پیشنگوئی کے پیش نظر مری آنے والے سیاحوں کی سہولت اور حفاظت کیلئے خصوصی ٹریفک انتظامات مکمل کروانے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی حفاظت کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی جسکے مطابق دوران برفباری ٹریفک کی روانی کو احسن طریقے سے برقرار رکھنے اور کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔دوران برفباری روڈ حادثات کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے پیش نظر مری کے تمام ٹول پلازہ اور داخلی راستوں پرخصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں جہاں سیاحوں کو مری کے راستوں کے متعلق اور برف باری کے دوران احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی پمفلٹ تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ مکینکلی طور پر فٹ گاڑیوں اور ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس چیک کیے جائیں گے۔ اس موقع پرسی ٹی او راولپنڈی وسیم ریاض سیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا، راولپنڈی پولیس کے ریڈیو سٹیشن 88.6اور ٹریفک و ضلعی کے تمام آفیشل پیجز کے ذریعے شہریوں کو دوران برفباری کوہ مری میں موسم کی شدت اور رش کے حوالے سے گاہے بگاہے آگاہی فراہم کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن