راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات، سیاحت و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے عزم کو جاری رکھتے ہوئے کوٹلی ستیاں میں سیاحوں کیلئے گلیمپنگ پوڈز اور پارک وے پراجیکٹ کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ ٹوارزم ہائی وے تیاری کے آخری مراحل میں ہے، بہت جلد وزیرِ اعلیٰ پنجاب کوٹلی ستیاں کے سیاحتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے،راولپنڈی اور لاہور میں ڈبل ڈیکر بسوں کی طرز پر جنوبی پنجاب میں بھی سیاحوں کیلئے سنگل ڈیکر بس سروس کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے، اور یہ سلسلہ بعد ازاں دیگر سیاحتی مقامات تک پھیلایا جائے گا ان خیالات کا اظہار معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے محکمہ سیاحت کے جاری اور آئندہ اہم منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے پنجاب ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے مری میں ریسکیو 1122 کے تعاون سے اسپیشل ریسکیو اور ریلیف سنٹرز کھولنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر ڈیجیٹل بورڈز لگانے کا کام تیزی سے کیا جائے۔