کراچی (نیوز رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو سندھ کے تمام نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز و جامعات میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرام میں داخلے کیلئے کل 11ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ان درخواستوں کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے، داخلے کیلئے اہل طلباء کی فہرست 25 جنوری 2022 کو جاری کی جائے گی۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر فاطمہ عابد کے مطابق MBBS اور BDS پروگرام برائے نجی میڈیکل کالجز و جامعات میں کل 1940 نشستوں پر داخلے کیلئے جامعہ کو مجموعی طور پر 11 ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئیں، درخواستوں کی اسکروٹنی جاری ہے، جامعہ کی جانب سے داخلے کیلئے اہل طلباء کی فہرست (ایلجبلٹی لسٹ) 25 جنوری 2022 کو جاری کی جائے گی جس کے بعد جلد ہی ابتدائی میرٹ لسٹ جاری ہوگی۔ وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول کاکہنا ہیکہ جامعہ کی جانب سے داخلے کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، سندھ حکومت کی ہدایات کیمطابق سندھ کے طلباء کو ترجیح دی جائیگی بعد ازاں دیگر صوبوں کے طلباء کومدنظر رکھا جائیگا۔ واضح رہے کہ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 20 جنوری 2022 تھی جس کے بعد پورٹل پر درخواستیں موصول کرنے کاعمل روک دیاگیا ہے تاہم وہ طلبا جنہوں نے درخواستیں جمع کروادی ہیں اور وہ اپنے ریکارڈ یا دستاویزات میں کوئی تصحیح کروانا چاہتے ہیں تو وہ 2 روز کے اندر پورٹل پر اس عمل کو انجام دے سکتے ہیں۔
نجی میڈیکل کالجز میں داخلے ‘ حتمی فہرست 25 جنوری کو جاری ہوگی
Jan 22, 2022