لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے گزشتہ مقامی ہوٹل لاہور میں ٹیک ایچ آر فیسٹ کی سب سے بڑی سوشل کمیونٹی کے زیر اہتمام پاکستان ٹیک ایچ آر فیسٹ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے سابق ادوار میں نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دینے کے لیے یونیورسٹیوں میں طلبا و طالبات کے لئے میرٹ پر لیپ ٹاپس سمیت دیگر اقدامات اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کے تحت سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کاقیام، بین الاقوامی سطح پر لوکل پراڈکٹس کی مارکیٹنگ ، انٹرن شپس، ٹریننگز کرائی گئیں جس سے آئی ٹی پراڈکٹس کی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھی ہماری بیٹیاں لڑکوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں بھی خواتین کا کوٹہ مختص کر کے ان کی معاشی ترقی کے لئے راہ ہموار کی گئی ہے۔
ملکی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا ضروری : گورنر پنجاب
Jan 22, 2023