کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ لینڈمافیا اور قبضہ مافیا کراچی کی زمینوں سے اپنی نظریں ہٹالیں، ایس ایچ اوز اپنی قمر کس لیں، کراچی الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کے محکمے اپنا قبلہ درست کریں اور شہریوں کی خدمت کو معمول بنائیں، چائنا کے نئے سال کے موقع پر پاک چائنا فرینڈ شپ پارک کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، جس کا مقصد پاک چین دوستی کو مستحکم کرنا اور کراچی کے شہریوں کی جانب سے چین کے شہریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ چین کے لوگوں سے محبت اور دوستی کا رشتہ ہمیشہ استوار رکھنا چاہتے ہیں، یہ بات انہو ںنے کشمیر روڈ پر پاک چائنا فرینڈ شپ پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، چین کے قائم مقام قونصل جنرل جینگ ہائو(Zhang Hao) ،ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن ، کے ایم سی کے مختلف محکموں کے سربراہان اور اہل علاقہ کا بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، گورنر سندھ نے کہا کہ آج اس پارک کا سنگ بنیاد رکھا ہے ایک ماہ بعد کراچی کو دوسرا پارک دیں گے اور کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو تیز کریں گے، انہو ںنے کہا کہ الہ دین پارک کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جس جگہ یہ پارک تعمیر کیا جارہا ہے وہاں سینکڑوں ٹن ملبہ اور کچرا پڑا ہوا تھا اسی طرح کشمیر روڈ کے دوسرے کونے پر غیر قانونی ہائیڈ رینٹ بنا ہوا تھا جہاں سے پانی چوری کیا جارہا تھا کراچی میں جو منظر نظر آرہا تھا اسے تبدیل کریں گے، گورنر سندھ نے کہا کہ تمام بنجر مقامات آنے والے دنو ںمیں آباد نظر آئیں گے اور کراچی کے انفراسٹرکچر کو بھی بہتر کرنے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی تو نظر نہیں آتی مگر ٹرن آئوٹ بہت کم رہا ہے، انہو ںنے کہا کہ شہر میں مافیا کسی صورت برداشت نہیں کریں گے او رجہاں جہاں بھی انکروچمنٹ ہوگی انہیں ختم کیا جائے گا، چین کے قائم مقام قونصل جنرل جینگ ہائونے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی مضبوط ہے اور اسے مضبوط تر کریں گے، انہوں نے کہا کہ چین کی یہ پالیسی ہے کہ وہ دنیا اور خاص طور پر پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات رکھے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ چین کے تعلقات مثالی ہیں اور اس حوالے سے اچھی یادیں وابستہ ہیں، انہو ںنے کہا کہ آج اس پارک کو چین کے نام سے منسوب کرنا ہم سب کے لئے خوشی کی بات ہے، انہو ںنے کہا کہ چین کے دو شہر بیجنگ اور شنگ یانگ کراچی کے جڑواں شہر ہیں جو اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ پا کستان اور چین ایک دوسرے کے اچھے اور ہمدرد دوست ہیں، اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اورچین کے قائم مقام قونصل جنرل جینگ ہائو نے پودہ لگایا اور تختی کی نقاب کشائی کی۔