لاہور(سپورٹس رپورٹر) قطر میں فیفا ورلڈکپ کی ٹرافی جتوانے والے ارجنٹائن کے کپتان لائیونل میسی کو ایک کسان نے بے حد منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دیوانوں نے میسی کے ٹیٹو اور دیواروں پر پوسٹرز جہاں آویزاں کیے وہیں اب کچھ منفرد انداز میں ان کی عزت افزائی کی گئی ہے ۔ ارجنٹائن کے کسان نے مکئی کے کھیت میں فصل کو اس طرح اگایا گیا ہے کہ اس میں فٹ بال سٹار لائیونل میسی کے چہرے کو نمایاں کر دیا گیا ہے ، انہوں نے میسی کی یہ تصویر ورلڈکپ جیتنے والے کپتان کو زبردست خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بنائی ہے ۔ ارجنٹائن کے صوبے کورڈوبا کے علاقے لاس کاندورز میں میکسی ملیانو نامی کسان نے مکئی کے کھیت میں 124 ایکڑ کے حصے پر اس خوبصورت طریقے سے فصل اگائی کہ فصل اگنے پر فضا سے دیکھنے پر میسی کی شبیہ نظر آتی ہے ۔ یہ خیال زرعی شعبے کی طرف سے میسی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ، میسی کا چہرہ ڈیجیٹل زرعی پلیٹ فارم کی مدد سے مختلف کثافتوں پر بیج بو کر بنایا گیا تھا۔ کسان کا کہنا ہے کہ ہم اس اعزاز پر بہت خوش ہیں اور ہم ارجنٹائن کی جیت پر بھی خوش ہیں، ہم ٹیم کیساتھ ہمدردی رکھتے ہیں کیونکہ اسے فتح سے پہلے نقصان اٹھانا پڑا تھا ۔