عام انتخابات ، پنجاب اور خیبر پی کے میں آر ٹی ایس استعمال نہ کرنے کا فیصلہ 

Jan 22, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے پنجاب اور خیبرپی کے کے عام انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا دونوں صوبوں میں عام انتخابات، الیکشن  2018ء میں استعمال کردہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) کے ذریعے کروائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن نے آر ایم ایس کو موڈیفائی کرنے کے لیے کروڑوں روپے کا ٹھیکہ بھی دے رکھا ہے جس پر کمپنی آر ایم ایس کو موڈیفائی کر کے 2 ماہ تک الیکشن کمشن کے حوالے کرے گی۔ ذرائع کے مطابق نیا موڈیفائیڈ آر ایم ایس ضمنی انتخاب میں تجربہ کیے بغیر کسی بھی الیکشن میں استعمال نہیں کیا جائے گا۔ صوبوں کے عام انتخابات پرانے آر ایم ایس ہی پر کروائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے عام انتخابات سے قبل پرانے آر ایم ایس کی ریہرسل کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبوں کے الیکشن سے قبل پرانے آر ایم ایس پر ایک دن کی موک ایکسرسائز بھی کی جائے گی۔ الیکشن کمشن نے ملازمین کوآر ایم ایس کے استعمال کی ٹریننگ کا آغاز کر دیا۔ دریں اثناء الیکشن کمشن آف پاکستان کو پر ی الیکشن اخراجات کی مد میں 18 ارب روپے موصول ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن کو رقم پری الیکشن اخراجات کی مد میں فراہم کی گئی ہے۔ الیکشن کمشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا انتخابات میں رقم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن نے انتخابی اخراجات سے متعلق نیا تخمینہ بھجوانے کافیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 2 اسمبلیوں میں الگ الیکشن کے باعث عام انتخابات پر اخراجات 10 ارب سے زائد بڑھ گئے۔ الیکشن کمشن نے پہلے عام انتخابات پر47 ارب روپے کا تخمینہ بھجوایا تھا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 2 اسمبلیوں میں الگ انتخابات کے باعث اب اخراجات 57 ارب سے زائد ہوں گے۔

مزیدخبریں