چارسدہ میں دہشتگردوں کی چوکی پر فائرنگ ، 2 پولیس اہلکار شہید ، ایک زخمی 

چارسدہ‘ اسلام آباد (نامہ نگار  + نمائندہ خصوصی) ڈھیری زرداد پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید، ایک زخمی ہو گیا۔ زخمی پولیس اہلکار کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔  ڈی پی او نے چارسدہ سہیل خالد کے مطابق موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ تین پولیس اہلکار عمران‘ رمیض اور یوسف علی زخمی ہو گئے۔ عمران اور رمیض زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے چارسدہ میں دہشت گردوں کی طرف سے پولیس چوکی پر حملے کی مذمت کی ہے ۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں پولیس پر حملے کی وارداتوں میں اضافہ باعث تشویش ہے، پولیس کے افسر اور جوان دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملاتے رہے ہیں، آصف علی زرداری  نے پولیس افسران اور جوانوں کو خراج تحسین  پیش کیا اورکہا کہ وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردوں کی سر کوبی کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں۔ آصف علی زرداری کا شہید پولیس اہلکار کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی چارسدہ میں پولیس کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں پر حملے کرنے والے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دلوائی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن