لاہور (خبر نگار) سپیشل جج سینٹرل فخر بخت بہزاد نے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر ایف آئی اے کو مجاز اتھارٹی سے منظوری کے بعد مکمل ضمنی چالان4 فروری تک جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ ایف آئی اے نے سلمان شہباز کو منی لانڈرنگ کیس میں بے گناہ قرار دے دیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ سلمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور کک بیکس کے شواہد نہیں ملے، جج نے استفسار کیا کہ چالان کے ساتھ لف ریکارڈ کہاں ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ چالان کو باقاعدہ اتھارٹی سے منظوری کے بعد پیش کر دیں گے، سلمان شہباز کے وکیل امجد نے کہا کہ چالان میں ایف آئی اے نے سلمان شہباز کو بے گناہ قرار دے دیا ہے۔ بعد ازں سلمان شہباز اور طاہر نقوی نے درخواستیں واپس لے لیں۔