احساس پروگرام سے سیلاب متاثرین کیلئے مثالی کام کیا : پرویز الٰہی 

Jan 22, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس کے مرکزی کمیٹی روم میں ختم نبوت سے متعلق آیت اور حدیث مبارکہ آویزاں کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے آفس مرکزی کمیٹی روم میں سورہ الاحزاب، آیت نمبر 40 آویزاں کی گئی۔ سورہ الاحزاب کی آیت نمبر 40 کا ترجمہ اور مفہوم ہے کہ حضرت محمدؐ تم مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں لیکن وہ اللہ کے رسولؐ ہیں اور تمام نبیوں میں سب سے آخری نبیؐ ہیں اور اللہ تعالیٰ ہر بات کو خوب جاننے والا ہے۔ مرکزی کمیٹی روم میں عقیدہ ختم نبوت سے متعلق  ترمذی شریف کی حدیث نمبر 2219 آویزاں کی گئی۔ ترمزی شریف 2219 کے مطابق رسول اللہؐ نے فرمایا ’’میں خاتم النبینؐ ہوں، میرے بعد کوئی نبیؐ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے راسخ الٰہی کے ہمراہ کمیٹی روم کا دورہ کیا اور آویزاں آیت اور حدیث مبارکہ کا معائنہ کیا۔ پرویز الٰہی نے جلی حروف میں آیت اور حدیث مبارکہ آویزاں کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ کے نام مبارک سے پہلے خاتم النبینؐ لکھنا لازمی قرار دیا ہے۔  پرویز الٰہی سے پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مستحق خاندانوں کیلئے مالی معاونت کے احساس راشن پروگرام پر بریفنگ دی اور سیلاب متاثرین کی بحالی وآباد کاری کے پروگرام  پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی  نے مستحق افراد کی مدد کیلئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے مثالی  کام کیا ہے۔ سیلاب متاثرین کا ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کی مدد لی گئی ہے۔ احساس پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد آئندہ بھی جاری رہنی چاہئے۔ احساس پروگرام کی افادیت کے پیش نظر اسے کسی دور میں بند نہیں کیا گیا اور امید ہے کہ احساس پروگرام اور سیلاب متاثرین کی بحالی جاری رہے گی۔ سیلاب متاثرین کی مدد ثواب کا کام ہے۔ فنڈز کی شفافیت سے استعمال کی ماضی میں کوئی مثال نہیں۔ حکومت نے سندھ کے سیلابی متاثرین کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز رکھے۔ مستند ڈیٹا ملنے پر ایک ارب روپے سندھ حکومت کو دیئے جائیں گے۔ سندھ حکومت  نے سیلاب متاثرین کا ڈیٹا نہیں دیا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے باضابطہ ظور پر ایک ارب روپے کی فراہمی کیلئے خط کا جواب بھی سندھ نے نہیں دیا۔ سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے عمران خان کی ہدایت کے مطابق ایک ارب روپے دینا چاہتے ہیں۔ سیلاب متاثرین کی مدد فلاحی کام ہے۔ سندھ کا عدم تعاون ناقابل فہم ہے۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی سے مجلس ترقی ادب کے ڈائریکٹر اصغر عبداللہ نے ملاقات کی۔ اصغر عبداللہ نے مجلس ترقی ادب کی کارکردگی اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ادیب اور دانشور صحت مند معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ مجلس ترقی ادب کو جدید طرز کا ادارہ بنانے کی بنیاد رکھی دی ہے اور بہت جلد یہ ادارہ نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکراپنا کردار بھرپور طور پر ادا کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

مزیدخبریں