اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار نے گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے حل کیلئے قائم کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے جلد از جلد حل کیلئے اپنی رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دیں۔ وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، کمیٹی کے چیئرمین اشفاق یوسف تولہ، ایس ای سی پی کے چیئرمین، کنٹرولر جنرل پاکستان، اکائونٹنٹ جنرل پاکستان کے علاوہ خزانہ اور پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر اشفاق یوسف تولہ نے گیس سیکٹر میں گردشی قرضہ کی مقدار اور اصلاحات متعارف کرانے کے طریقہ کار اور فریم ورک سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں قابل عمل تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیرخزانہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبہ کے مسائل بشمول گردشی قرضے کے حل کی حکومتی ترجیحات پر عمل درآمد پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے مسئلہ کے فوری حل کیلئے اپنی رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دیں۔
گیس سیکٹر گردشی قرضوں پر رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دی جائے: وزیر خزانہ
Jan 22, 2023