چین کیساتھ تجارت نئی بلندیوں تک پہنچے گی ، قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے پر عزم : بلاول 

Jan 22, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+شنہوا ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ کی توقع ہے۔ دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ، قابل تجدید توانائی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر سوئٹزرلینڈ میں چینی خبر رساں ادارہ شنہوا کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ71 سال کے دوران پاک چین رہنمائوں کی کئی نسلوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک بنیادی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں اور قومی ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ خواب میں بھی شریک ہیں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) اور2013ء میں چین کے تجویز کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) جیسے نئے اقدامات کی بدولت بھی پاک چین باہمی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارتی روابط کے نقطہ نظر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعلقات پاک چین ہمہ موسمی تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا مرکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سی پیک نہ صرف چین اور پاکستان کے لیے بلکہ دنیا بھر کے تیسرے فریق کے لئے بھی نئے مواقع فراہم کرے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ چین کے ساتھ قابل تجدید توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول کے سلسلہ مین پاکستان اور چین نے کئی بڑے سولر، ونڈ اور ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے شروع کئے ہیں۔ ہم چینی کاروباری اداروں کا پاکستان کے سولر پاور انیشیٹو میں شامل ہونے کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں جس سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد حاصل ہو گی۔

مزیدخبریں