سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کر لئے اور الیکشن کمشن نے بھی کسی تاخیر کے بغیر انہیںڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 64 کی شق ایک‘ قومی اسمبلی کے رولز اینڈ ریگولیشن 2007ءکے مطابق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کئے گئے۔ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کا اطلاق 11 اپریل 2022ءسے ہوگا جس روز یہ استعفے اسمبلی میں اجتماعی طورپر پیش کئے گئے تھے۔دو دنوں میں منظور ہونے والے استعفوںکی تعداد 81 ہو گئی۔ مزید استعفوں کی منظوری کا امکان ہے۔
دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ حکومت اور سپیکر کا رویہ قابل مذمت ہے۔ تمام 125 استعفے ایک ساتھ منظور نہ کرنا سپیکر کا غیرقانونی اقدام ہے۔ جمہوریت کے نام پر مذاق کیا جا رہا ہے۔ادھر پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے نام پر پارلیمانی کمیٹیوں میں عدم ِ اتفاق کی بنا پر اب معاملہ الیکشن کمشن کے سپرد ہو گیا ہے جو نگران وزیر اعلیٰ کاحتمی فیصلہ کرے گا۔ اس وقت ملک جس سیاسی کشیدگی اور کھینچاتانی و محاذآرائی کی کیفیت میں مبتلا ہے‘ اس میں دو صوبوں میں پرامن‘ منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگا۔ موجودہ الیکشن کمشن ،جس پر تحریک انصاف یکسر عدم اعتماد ظاہر کر چکی اور مختلف الزامات عائد کرکے اس کی غیرجانبداری کو مشکوک قرار دے چکی ہے، اس کے زیرانتظام ہونے والے انتخابات کے نتائج کو کون تسلیم کرے گا؟۔ ویسے بھی ہمارے ملک میں ہارنے والے فریق کی طرف سے انتخابی نتائج کو دھاندلی قرار دینے کا عام رواج ہے اور جب الیکشن کمشن کی اپنی حیثیت کو چیلنج کیا جا چکا ہو تو اس کے جاری کردہ نتائج کی حیثیت بھی یقینی طورپر متنازعہ ہی رہے گی۔ سو ان حالات میں یہ لازم ہے کہ فریقین ایک دوسرے کو نیچا دکھانے، سیاسی پوائنٹ سکورنگ او ر منفی مقابلے بازی کے مکروہ عمل کو چھوڑ کر سنجیدہ طرزعمل اختیار کریں۔ قبل از وقت عام انتخابات کیلئے کسی تاریخ کا متفقہ طورپر فیصلہ کرنے کیلئے افہام وتفہیم سے کام لیں۔ جمہوریت میں ضد بازی‘ انا اور ذاتی مفادا ت کے لیے ملک و قوم کے مفادات کو قربان نہیں کیا جا سکتا لہٰذا اس قدر بے لچک رویہ نہ اپنایا جائے جس سے جمہوریت اور موجودہ سسٹم کو نقصان پہنچے اور معاملات ہاتھ سے نکل جائیں۔
سیاستدانوں کا منفی مقابلے بازی کارویہ ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے
Jan 22, 2023