کراچی (این این آئی) ڈالر کی قلت نے ایکسپورٹ کے لیے بھی خطرہ کھڑا کر دیا۔ غیرملکی شپنگ کمپنیوں نے پاکستان میں خدمات کی فراہمی معطل کرنے پر غور شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شپنگ کمپنیاں فریٹ چارجز کی ادائیگی نہ ہونے اور کارگو میں نمایاں کمی کے سبب خدمات معطل کرنے پر غور کر رہی ہیں۔ پاکستان شپنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے حکومت کو ممکنہ صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ متعلقہ وزارتوں، سٹیٹ بنک کو ارسال کردہ خط میں شپنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے کہا کہ غیرملکی شپنگ کمپنیوں کی خدمات معطل ہونے سے پاکستان کی برآمدات جاری رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔ شپنگ کمپنیوں کی خدمات معطل ہونے سے برآمدی کارگو کی ترسیل بند ہو جائے گی۔ پاکستان شپنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے وزیر تجارت نوید قمر، وزیر پورٹس اینڈ شپنگ فیصل سبزواری اور گورنر سٹیٹ بنک کو خط میں ممکنہ نتائج کی نشان دہی کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ متعلقہ وزارتیں اور سٹیٹ بنک شپنگ کمپنیوں کو فریٹ چارجز کی ادائیگی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بصورت دیگر برآمدات رکنے سے معاشی صورتحال اور مخدوش ہونے کا خدشہ ہے۔ شپنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرئوف کے مطابق سرحدی ممالک کے سوا پاکستان سے تقریبا تمام بین الاقوامی رسد سمندر کے ذریعے بھیجی جاتی ہے۔ کسی بھی قسم کی رکاوٹ پاکستان کی عالمی تجارت کے لیے سنگین مسائل پیدا کر سکتی ہے۔