کراچی (اسٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں 32فیصد اضافہ حکومت اور اس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ،غریب عوام کو معاشی طور پر غربت سے نیچے زندگی گذارنے کی حکومتی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہیں ، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے حکمرانوں نے نیک نیتی سے کام نہیں کیا ،معاشی اشاریوں میں بہتری کے دعوئوں سے کام نہیں چلے گا غریب مہنگائی سے شدید پریشان ہیں ،قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا آئین وقانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے، حکومتی ناقص معاشی پالیسیوں اور بیرونی قرضوں نے ڈالر کو پر لگادیئے ہیں ،ڈالر کی اُڑان رُکنے کو تیار نہیں وجہ معاشی غیر میسر پالیسیاں ہیں ،حکمرانوں نے ملک کو معاشی طور پر خانہ جنگی کی طرف لا کھڑا کیا ہے ،عوام کی دکھوں وتکالیف کا مداوا کرنے کی بجائے حکمران مہنگائی پر مہنگائی کرنے کی بانسری بجا رہے ہیں ،غریب عوام سے ہمدردی اور مشکلات کو کم کرنے کی بجائے اضافہ کیا جارہا ہے ،بجلی ،گیس کے بعد اب پیٹرول بحران کا خدشہ ملک کو حکمران کس طرف لیجارہے ہیں ،عوام کو مجبور نہ کیا جائے وہ سڑکوں پر مہنگائی کے خلاف نکلیں حکمرانوں کو اپنی معاشی روش کو بدلنا ہوگا ،ڈالر 240 روپے تک پہنچ جانامعیشت کیلئے خطرناک لگتا ہے ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوگیا ہے ، کرپٹ عناصر کسی بھی صف میں ہوں بلاتفریق کاروائی عمل میں لائی جائے ،ملک کے معاشی نظام کو مضبوط ومستحکم بنانے کیلئے حکمرانوں کو ایسی پالیسیاں بنانا ہونگی جس سے غریب کو ریلیف مل سکے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ عوام کو غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے نہیں دینگے ،عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں حکمران یاد رکھیں عوام کو بنیادی حقوق اور غربت سے چھٹکارا نہ دلایا تو پھر عوام ان کا ووٹ کی طاقت سے ہی محاسبہ کرینگے ،۔#