پشاور(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی کونسل الحاج عابد علی نے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے 10 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان کے نام پر دس سال میں جو تباہی کی گئی اس کی مثال نہیں ملتی۔ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان پارٹی چیئرمین عمران خان کی جی حضوری میں مصروف عمل رہے۔ انہوں نے کہا کہ دس سال کی بد ترین گورننس اور کارکردگی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے ملک کو دیوالیہ قرار دینے اور سری لنکا و صومالیہ بنانے کی سازش کی باتیں ملک دشمنی کے مترادف ہیں، ایسے لوگ ناقابل معافی ہیں۔عوام پنجاب اور کے پی کے کے انتخابات میں بھی ان کو گھر بھیج دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب ملک معاشی بحران کا شکار ہے اور دہشت گردی کی نئی لہر تشویشناک ہے ایسے میں تحریک انصاف نے دو صوبوں کی اسمبلیاں توڑ کر ایک طرف ملک کو افراتفری کا شکار کرنے کی کوشش کی ہے دوسری جانب عوامی مینڈیٹ کی توہین بھی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات نے عمران خان کی جعلی مقبولیت کا پول کھول دیا ہے، ۔
نئے پاکستان کے نام پر دس سال میں تباہی کی مثال نہیں ملتی‘ عابد علی
Jan 22, 2023