الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے دونوں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر انتخابات کی تیاری شروع کردی ہیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے کل اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی 64 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ پنجاب اسمبلی کی 297، خیبر پختونخوا کی 115 جنرل نشستوں پر انتخابات کرائے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 64 نشستوں پر ضمنی انتخابات مارچ میں کرانے کی تیاری شروع کردی ہیں۔الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی 64 نشستوں میں ضمنی انتخابات پر 5 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو 18 ارب روپے فراہم کردیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات اپریل میں کرائے گا جبکہ پنجاب اور کے پی اسمبلی کے انتخابات پر 15 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے انتخابات عام انتخابات سے قبل کرانے پر اخراجات میں 20 ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جلد جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن 60 روز کے اندر قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے تیار ہے، الیکشن کمیشن کے فنانس ونگ نے 33 نشستوں پر اخراجات تیار کر لئے ہیں۔