شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ویسٹرن ٹرف کے زیر اثر نچلے درجے کے بادلوں کی تشکیل سے شہر کے شمالی اور وسطی علاقوں سے کچھ دیر کے لیے بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی۔نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، ناظم آباد، ایف بی ایریا، گلشن معمار، عائشہ منزل، عزیز آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور یونیورسٹی روڈ اور چند ملحقہ علاقوں میں بارش ہوئی۔بارش کے زیرِ اثر علاقوں میں درجہ حرارت گر گیا جبکہ سب سے ذیادہ یونیورسٹی روڈ پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں مزید بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،سمندری بادلوں کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ ہوئی،جنوب مغرب سے چلنے والی مرطوب ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں کمی آئی ہے،کراچی میں شدید سردی کا امکان نہیں ہے،آئندہ ہفتے مغربی سسٹم ایک بار پھر بلوچستان میں بارش کا باعث بن سکتا ہے۔ادھر اسلام آباد میں دھند کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے،رات گئے دھند سے جڑواں شہر سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں۔آج صبح کے وقت دھند سے حد نگاہ نہایت کم تھی۔ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا،کے پی کے میں بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک مری، گلیات اور گر دو نواح میں موسم شدید سرد رہے گا۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کشمیر ,گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اورخشک رہے گا۔ کشمیر میں صبح کے اوقات میں بعض مقا مات پر کہر پڑنے کا امکان ہے۔
کراچی میں باران رحمت،ملک کےدیگرعلاقوں میں شدید سردی
Jan 22, 2024 | 11:39