لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے پی ایف سی کے پلیٹ فارم سے پاکستانی فرنیچر کی انٹرنیشنل مارکیٹ میں پروموشن کےلئے سالانہ منصوبہ پیش کر دیا ہے۔ گزشتہ روز بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے انہوں نے سالانہ منصوبے کی نقاب کشائی کی جس میں سال بھر کی اہم عالمی نمائشوں میں پاکستانی فرنیچر مصنوعات کی نمائش کا کینڈر شامل ہے۔ انہوں نے کہا اس سے نئی منڈیوں کی تلاش،غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے میںمدد ملے گی اور پی ایف سی غیر ملکی ہم منصبوں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کی کوششیں کرے گی۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا معروف بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے ذریعے پی ایف سی پاکستانی فرنیچر، دستکاری، اختراعات اور منفرد ڈیزائنوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا اس پلان میں ایسے مشترکہ منصوبوں پر بھی زور دیا گیا جو پاکستانی فرنیچر کو عالمیسطح پر آگے بڑھا سکتے ہیں۔