دشت: نیشنل پارٹی کے قافلہ پر فائرنگ ، سینیٹر کہدہ اکرم امیدوار سمیت محفوظ رہے

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کیچ کے علاقے دشت میں نیشنل پارٹی کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجہ میں گاڑی میں موجود پارٹی رہنما محفوظ رہے۔ اسسٹنٹ کمشنر دشت عبدالحمید کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دشت کے علاقے میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ گولیاں گاڑی کی ونڈ سکرین کو لگیں تاہم اس میں موجود سیاسی رہنما محفوظ رہے ہیں۔ ترجمان نیشنل پارٹی جان بلیدی کے مطابق گاڑی میں پارٹی کے پی بی 27 دشت کے امیدوار لالا عبدالرشید اور سینیٹر کہدہ اکرم دشتی سوار تھے جو انتخابی مہم کے سلسلے میں دشت کڈان گئے تھے۔ گاڑی پر فائرنگ ہوئی ہے تاہم گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے پارٹی رہنما محفوظ رہے۔ مرکزی صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے دشت میں پارٹی رہنماو¿ں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ واقعہ انتخابات کو سپوتاژ کرنے اور حالات خراب کرنے کی کوشش ہے۔ حکومت سیاستدانوں اور ورکرز کو تحفظ دینے کیلئے اقدامات کرے۔

ای پیپر دی نیشن