اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے شفاف الیکشن کے لئے سب سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے وائس آف امریکا کو انٹرویو میں کہا کہ بس بہت ہوا مخالفین اب ہمارے لئے آسانیاں پیدا کردیں، کلیشآف ٹائٹنز اب ختم ہونا چاہئے، سیز فائر ہونا چاہیے۔ بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کے لئے سب سے بات کرنے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی نے 800 سے زائد آزاد امیدوار وں کو میدان میں اتارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک پارٹی کو تنہا کرنے سے جمہوریت کو نقصان ہوگا، نو مئی واقعے پر عام معافی نہیں چاہتا سزا دینی بھی ہے تو ہمارے خدشات کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مائنس بانی پی ٹی آئی کسی صورت ممکن نہیں، بلے کو بچانے کے لئے بانی پی ٹی آئی نے چیئرمین کا عہدہ چھوڑا، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آئے گا تو نظر ثانی کی اپیل دائر کریں گے۔
شفاف الیکشن کےلئے سب سے بات کرنے کو تیار ہیں: بیرسٹر گوہر
Jan 22, 2024