فیصل آباد کے حلقہ پی پی 113 سے پی ٹی آئی کا نامزد امیدوار کون، معمہ بن گیا

Jan 22, 2024

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کی جانب سے پی پی 113 سے نامزد امیدوار کون ہے یہ ایک معمہ بن گیا ہے۔ کارکنوں میں دن بدن بددلی پھیل رہی ہے۔12جنوری کو تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹوں کا اعلان کیا گیا تو پی پی 113 سے شہباز امیر علی اعوان کا نام شامل کیا گیا تھا، چندگھنٹے گزرنے کے بعد اس حلقے کو زیر غور کی فہرست میں ڈال دیا۔ اگلے ہی روز ٹکٹ شہباز اعوان کو جاری کر دیا گیا۔ شہباز اعوان نے انتخابی مہم شرو ع کر دی۔ تاہم 18جنوری کو رات گئے ایک بار پھر ٹکٹ تبدیل کرتے ہوئے ندیم صادق ڈوگر کو الاٹ کر دیا گیا۔ ندیم صادق ڈوگر نے انتخابی مہم شروع کر دی ابھی صرف دو روز ہی گزرے تھے کہ20جنوری کو اچانک سے پھرٹکٹ تبدیل کرتے ہوئے یہ ٹکٹ دوبارہ شہباز اعوان کو جاری کر دیا گیا جس کا باقاعدہ پی ٹی آئی کی ویپ سائٹ شہباز اعوان کو انتخابی نشان کے ساتھ ٹکٹ جاری کر دی گئی۔ ابھی مبارکبادیں ہی وصول کی جا رہی تھیں کہ بارہ بجے رات کو پھر ویب سائٹ بندکر دی گئی اور پھر یہ چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں کہ ٹکٹ ندیم صادق ڈوگرکے پاس ہی ہے۔ ہر دوسرے دن ٹکٹ تبدیل ہونے سے جہاں امیدوار پریشان ہیں وہاں ہی ووٹرز اورکارکن بھی پریشان دکھائی دے رہے ہیں اور اعلیٰ و مقامی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ پارٹی کو اس حلقے میں کون اورکیوں کس کے کہنے پرنقصان پہنچا رہا ہے کہ ٹکٹ کی بار بار تبدیل ہو رہا ہے۔ پولنگ ڈے میںصرف سترہ دن باقی ہیں کیا ایسی صورت حال میں یہ نشست پی ٹی آئی جیت پائے گی جبکہ مدمقابل مسلم لیگ (ن) کا ایک تگڑا امیدوار جو پہلے بھی یہاں سے میدان مار چکا ہے۔ رانا علی عباس خاں موجود ہے۔کارکنوں کا کہنا ہے کہ پارٹی ٹکٹ کو مذاق بنانے والوں کا حساب کرنا لازمی ہے۔ فی الفور اس حلقے کو کلیئرکیا جائے ورنہ جو نقصان ہو گا وہ صرف عمران خان ہی ہو گا۔

مزیدخبریں