خانیوال: 3 امیدواروں نے کی حمایت کر دی، عوام کو ریلیف ملنا چاہئے: علےم خان

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور لاہور کے علاوہ خانیوال کی پی پی209 سے امیدوا صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں خانیوال کچہ کھو پہنچے جہاں انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کے این اے147خانیوال سے امیدوار نوابزدہ سردار ایاز خان نیازی اور پی پی210 سے امیدوار کرم داد واہلہ کے ہمراہ مختلف اجلاسوں میں شرکت کی۔ پی پی209 سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے پیر جمیل شاہ اور پی پی210 سے ایم پی اے کے امیدوار غلام مجتبی میتلا نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں دونوں اراکین نے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے اور الیکشن میں ان کی بھرپور حمایت کرنے کا اعلان کیا جبکہ تحریک لبیک پاکستان پی پی209 سے امیدوار راو¿ عارف علی نے بھی عبدالعلیم خان کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا۔ عبدالعلیم خان نے خانیوال پی پی 209 کی تمام 22 یونین کونسلز کے 19 چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں سے ملاقاتیں کیں جبکہ علاقہ معززین سے بھی تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ریاست ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔ اب سب کی ریڈ لائن 9 مئی ہے۔ شہداءکے مجسموں کی بے حرمتی کرنے والوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ غربت اور مہنگائی کی ماری ہوئی عوام کو ریلیف دینا چاہئے، اقتدار میں آ کر قوم کی مایوسی ختم کریں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ بعد ازاں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور پی پی209 میں صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے خانیوال میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے تمام امیدواروں کی کامیابی کے لئے بھرپور زور لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب بھی محرومیوں کا شکار ہے۔ خانیوال کے علاقے میں بہت ترقی کی ضرورت ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن