نیٹو کے جنرل سیکرٹری نے پی ایم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ جس میں وزیر اعظم نے اس بات پرزوردیا ہے کہ پاکستان اور نیٹو افغان سرحدوں پردہشتگردوں کی نقل وحرکت پرنظر رکھنے کیلئے معلومات کے تبادلے اورمشترکہ نگرانی کانظام تشکیل دیں۔ اس موقع پر نیٹو کے سیکرٹری جنرل راسمین نے پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف کوششوں کوسراہا اورپاکستان اورنیٹو کے درمیان مشترکہ سیاسی اعلامیے کوحتمی شکل دینے کیلئے کام کوتیزی سے نمٹانے کی ضرورت پرزوردیا۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل نےصدر آصف زرداری سے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ ، پاک نیٹو تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امورزیر غور آئے۔ نیٹو کے جنرل سیکرٹری پاک فوج کےسربراہ جنرل اشفاق پرویزکیانی سے جی ایچ کیوراولپنڈی میں ملے ۔ جنرل ہیڈ کوارٹرزراولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سکیورٹی اور پاک افغان بارڈر کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید سے نیٹوکےسیکرٹری جنرل اینڈرس فوگ راسموسین کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرمیں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کو درپیش معاشی اور سکیورٹی سے متعلق چیلنجزسے نمٹنے کے لئے استعداد کار کو بڑھانے، پاک نیٹوتعلقات کے فروغ سمیت جنوبی ایشیاء میں سٹریٹجک استحکام سے متعلق امورزیرغورآئے۔