سینٹ میں اپوزیشن کورم پورا نہ کر سکی جس کے باعث اجلاس وقفہ کے بعد فورا ہی ملتوی کرنا پڑا۔

اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا گیا اجلاس جمعہ کے روز بھی قائم مقام چئیرمین جان محمد جمالی کی زیر صدارت ہوا۔ ایم کیو ایم نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے افراد کیلیے معاوضہ کا مطالبہ کیا جس کی اے این پی نےحمائت کی اور کہا کہ جن لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے ان کو بھی معاوضہ دیا جائے۔ ایم کیو ایم نے لانڈھی اور ملیر میں ہلاکتوں پر ایوان سے واک آوٹ کیا اور الزام لگایا کہ جرائم پیشہ افراد کو وزراء کی سرپرستی حاصل ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹرراجہ ظفرالحق نے آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے معاملے پر ایوان میں تحریک پیش کرنے کی اجازت چاہی تو حکومت کی طرف سے قائد ایوان نئیر بخاری نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ آزاد کشمیر کی اپنی آئینی حیثیت ہے وہاں کے متعلقہ اداروں سے رجوع کیا جائے ۔مسلم لیگ ن نے ان کے اس اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ مداخلت ہے تو پھر وزیر اعظم ازاد کشمیر انتخابات کی انتخابی مہم میں شریک ہی کیوں ہوئے۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے امریکی سفارتخانے میں ہم جنس پرستوں کے اجتماع کی مزمت کرتے ہوئے ایوان میں اس پر بحث کا مطالبہ کیا جسے جان جمالی اور سینیٹر پروفیسر ابراہیم کے درمیان تکرار کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کو بھیج دیا گیا۔ جبکہ سینیٹر طاہر مشہدی کی دو تحاریک استحقاق پر خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن