”مارکیٹوں میں بارش کا پانی بھر جانے سے کروڑوں کا نقصان ہوچکا“

Jul 22, 2013

لاہور (خبر نگار) انجمن تاجران سینٹری ویئر لاہور کے نائب صدر میاں سلیم نے کہا کہ لاہور کی تمام مارکیٹوں میں بارش کے پانی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے پانی تہہ خانوں میں پہنچ چکا ہے۔ مارکیٹیں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ وزرا اور ارکان اسمبلی پانی میں کھڑے ہو کر تصویر بنوانے کے سوا اور کچھ نہیں کررہے۔ وزیر اعلیٰ کے دعوے سب دھرے کے دھرے رہ گئے کیونکہ پچھلے دور حکومت میں بھی خادم اعلیٰ اسی قسم کے دعوے کرتے رہے ہیں۔ جتنی دیر تک علاقے کی ضرورت کے مطابق سیوریج پائپ نہیں ڈالا جائے گا اتنی دیر تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ برساتی نالہ کم از کم 4x4 فٹ کا ہونا چاہئے لیکن ہمارے ہاں کاغذوں میں یہی سائز لیکن کنسٹرکشن میں سائز آدھا رہ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال تاجر براداری کا کروڑوں روپے کا نقصان ہو جاتا ہے۔ اپنی نااہلی پر ضلعی انتظامیہ کو استعفیٰ دے دینا چاہئے جس کی وجہ سے تاجر برادری کے گودام، دکانیں اور تہہ خانے پانی سے بھرے ہوے ہیں۔ آدھ گھنٹے کی بارش ضلعی انتظامیہ کے مام پول کھول دیتی ہے۔ سیوریج پائپ و مین ہول کی صفائی ماہانہ بنیادوں پر کی جائے۔

مزیدخبریں