تاریخی مینڈیٹ کی لاج رکھنا ہو گی‘ مجھ سمیت ہر صوبائی وزیر کا احتساب ہو گا: شہباز شریف

Jul 22, 2013

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عام انتخابات میں بجلی بحران کے خاتمے اور انصاف کے حصول کیلئے تاریخی مینڈیٹ دیا ہے اوراب ہم سب کو ملکر عوام کی بے لوث خدمت کرکے اس تاریخ ساز مینڈیٹ کی لاج رکھنا ہوگی۔ اس امر میں کوئی دو آراءنہیں کہ بجلی بحران نے معیشت پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں۔ معیشت، زراعت اور صنعت تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ سابق حکمرانوں نے توانائی کے شعبہ میں ملک وقوم کے ساتھ جو مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا وہ ناقابل معافی ہے۔ یہی وجہ ہے عام انتخابات میں عوام نے کرپشن کے سومنات تباہ کرکے محنت، دیانت اور امانت کو ووٹ دئیے۔ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی حکومت توانائی بحران کے حل کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ گردشی قرضوں کا خاتمہ کیا جارہا ہے، بجلی اور گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے، لائن لاسز کاخاتمہ کیا جا رہا ہے۔ انشا اللہ اللہ تعالی کے فضل و کرم، حکومت کے سنجیدہ اقدامات اور عوام کے بھرپور تعاون سے توانائی بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہو نگے۔ وزیراعلی نے ان خیالات کا اظہار ایوان وزیراعلیٰ میں ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا بجلی و گیس چوری کے خاتمے کے خلاف مہم میں بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں۔ بجلی اور گیس چور ی میں ملوث سرکاری اہلکاروں کو اپنے کالے کرتوتوں کی سزا بھگتنا ہوگی۔ انسداد بجلی و گیس چوری کے خلاف مہم میں عوامی نمائندوں کا تعاون اشد ضروری ہے۔ توانائی بحران کی ایک وجہ اربوں روپے کی بجلی اور گیس چوری بھی ہے اور پنجاب میں بجلی اورگیس چوروں کیخلاف بلاامیتاز کریک ڈاﺅن جاری ہے اور اس مہم کے دوران بڑے مگرمچھوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے اور میں نے تمام انتظامی اور پولیس حکام پر واضح کر دیا ہے کہ بجلی و گیس چوری کیخلاف مہم میں کسی سیاسی وابستگی اور دباﺅ کو خاطر میں نہ لایا جائے اور قوم کے ان مجرموں کیخلاف بلاتفریق کریک ڈاﺅن جاری رکھا جائے۔ مسلم لیگ (ن) نے عوام سے پٹوار اور تھانہ کلچر میں تبدیلی کا وعدہ کیا ہے اورہماری حکومت تھانہ و پٹوار کلچر میں تبدیلی کے وعدے کو ہر قیمت پر پورا کریگی اورعوام کو انصاف کی فراہمی ہر صور ت یقینی بنائیں گے۔ مجھ سمیت ہر صوبائی وزیر کی کارکردگی کا احتساب ہوگا، عوام کی بے لوث خدمت کرنیوالے وزراءہمارے سر کا تاج اور ماتھے کا جھومر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے وزراءاور سرکاری حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے تین نکاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جو بجلی بحران کا حل، تھانہ کلچر کی تبدیلی اور رشوت ستانی کے خاتمے پر مشتمل ہے۔ گھناﺅنے جرائم کے شواہد کی سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کیلئے پنجاب حکومت کی قائم کردہ فرانزک سائنس ایجنسی میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو ملنے والا مینڈیٹ کسی جماعت کو صدیوں میں نصیب ہوتا ہے اسلئے ہمیں اس مینڈیٹ کی لاج رکھتے ہوئے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر ہر صورت حل کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس تجربہ کار سیاستدانوں کے علاوہ نوجوان قیادت کا سرمایہ بھی موجود ہے۔ اس لیے مسائل کا کوہ گراں بھی ہمارے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ انہو ں نے کہا بجلی بحران کے خاتمے سمیت ملک کو درپیش دیگر مسائل کے حل کیلئے وفاق اور صوبوں کو ملکر شبانہ روز محنت کرنا ہوگی۔ ملک وقوم کو مسائل کے چنگل سے نجات دلا کر ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ اجلاس کے دوران اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کو انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اپنے اپنے علاقہ میں جاری ترقیاتی کاموں کے علاوہ درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو یقین دلایا کہ انکے علاقہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔

مزیدخبریں