لاہور (خبر نگار) وزیرترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں-وہ ڈنگہ‘ کھاریاں‘ منڈی بہاﺅالدین اور لالہ موسیٰ کے رمضان بازاروں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں- حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ سستے رمضان بازار عوام کی سہولت کے لئے لگائے گئے ہیں جہاں ضلعی انتظامیہ حکومت کی ہدایت کے مطابق وافر مقدار میں اشیائے خوردونوش فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے پھلوں‘ سبزیوں‘ گوشت اور دیگر اشیاءکا معیار چیک کیا اور ہدایت کی کہ معیاری سبزیوں اور پھلوں کی عوام کو سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے- صوبائی وزیرنے ڈنگہ میں مقررہ نرخوں سے زائد پر پیاز کی فروخت کا نوٹس لیا اور فوری طور پر اس کے نرخ کم کروائے- مزید براں انہوں نے ڈنگہ‘ منڈی بہاﺅالدین اور کھاریاں میں یوٹیلٹی سٹورز کے قیام کے لئے فوری طور پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔