لاہور (کامرس رپورٹر)وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کہاہے کہ حکومت کا بنیادی فوکس پرائمری ہیلتھ کیئر اور بیماریوں سے بچاﺅ ہے تاکہ ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی حکومت کی ترجیحی ہے اور ادویات کے معیار کو جانچنے کے لئے ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں تین ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریاں قائم کی جارہی ہیں اس کے علاوہ فیصل آباد اور راولپنڈی میں غذائی معیار کو جانچنے کے لئے دو فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جس کے لئے حکومت نے 15کروڑ روپے فراہم کئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہو ںنے اپنی رہائش گاہ پر مختلف عوامی وفود اور ڈاکٹرزکے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز سے کہاکہ وہ عوام کو علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں احتیاطی تدابیر بارے شعور اجاگر کریں اور اس کے لیے موثر مہم شروع کی جائے۔ میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں ہم اپنے مستقبل کو تمام بیماریوں سے محفوظ بنانا چاہتے ہیں اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
حکومت کا بنیادی فوکس پرائمری ہیلتھ کیئر اور بیماریوں سے بچاﺅ ہے: مجتبٰی شجاع
Jul 22, 2013