میرپور/ مظفر آباد/ اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)آزاد کشمیر کے ضلع میرپور میں تیز رفتاری کے باعث مسافر بس پل سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں 18 مسافر جاں بحق اور بچوں اور خواتین سمیت 35 افرادسے زائد زخمی ہوگئے، ڈرائیور سمیت کئی زخمیوں کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نوازشریف، صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب، وزیراعظم چودھری عبدالمجید، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرحدی علاقے سماہنی جانے والی مسافر بس پونا کے مقام پر پوٹ پل کے قریب پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث پل سے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 18 مسافر موقع پر ہی جاں بحق اور35 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے کے فوری بعد موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے ڈرائیور سمیت کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے بس تحویل میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ آزاد کشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر نے حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے افراد کیلئے فی کس 3 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔